NauhaDiary

Ho Kaha Abbas (as) Tum

رو رہی ہیں بنتِ حیدرؑ! ہو کہاں عباسؑ تم؟

چھینتا ہے شمر چادر؛ ہو کہاں عباسؑ تم؟

قاسمؑ و عونؑ و محمدؑ، اکبرؑ و اصغرؑ نہیں

ہو گئے ہیں قتل سرورؑ؛ ہو کہاں عباسؑ تم؟

مضطرب کلثومؑ ہیں غم میں تمہارے اے جری!

کیوں نہیں آتے برادر؟ ہو کہاں عباسؑ تم

راستوں میں ہم کو پتھر مارتے ہیں اشقیا

بے بسی ہے اور کھلا سر، ہو کہاں عباسؑ تم

بے ردا و بے سہارا ہو گئی ہیں بیبیاں

اب نہیں ہے کوئی یاور؛ ہو کہاں عباسؑ تم؟

ظلم کی اس دھوپ میں، کوئی نہیں ہے سائباں

بے ردا ہیں ساری خواہر؛ ہو کہاں عباسؑ تم؟

بڑھ رہی ہیں ہر قدم پر، ظلم کی یہ سختیاں

جی رہے ہیں دُرّے کھا کر؛ ہو کہاں عباسؑ تم؟

دیکھ لو نوکِ سناں پر، کس طرح نوحہ کناں

ڈھونڈتا ہے شاہؑ کا سر؛ ہو کہاں عباسؑ تم؟

ختم کب عباسؔ! یہ نوحہ ہوا ہے آج تک

اب بھی ہے زینبؑ کے لب پر؛ ہو کہاں عباسؑ تم؟

عباس نقوی بلند شہری

For Anjumans

Do you run an anjuman?

Give it a home on NauhaDiary — publish your own nohay, list your reciters, and announce your majalis.

Create your anjuman →