بسم رب الزھرا
السلام علیک ایتھا المظلومہ
یا زہرا
فاطمہ جیسا کسی کو بھی رلایا نہ گیا
جلتا دروازہ کہیں ایسے گرایا نہ گیا
واسطہ دیتی رہیں اپنے جگر گوشوں کا
درِ زہرا سے مگر ظلم کا سایہ نہ گیا
لب لرزنے لگے اور گھُٹ گئی بی بی کی صدا
درد پہلو کا کسی سے بھی بتایا نہ گیا
ایک آنچل سا پڑا رہتا تھا رخ کے اوپر
نیل رخسار کا حیدر کو دکھایا نہ گیا
ضربتِ قبضہء شمشیر نے کیا ظلم کیا
اپنا بازو کبھی بی بی سے اٹھایا نہ گیا
ظالموں سے تو بچا لائیں علی کو لیکن
ہائے مجبوری کہ محسن کو بچایا نہ گیا
ٹوٹی بالی تو لویں ہوگئیں زخمی اتنی
گوشوارہ کبھی کانوں میں پنہایا نہ گیا
پسلیاں توڑ کے بھی سوچ رہا تھا ظالم
جتنا زہرا کو ستانا تھا ستایا نہ گیا
ایک دو لفظ بیاں کرتے ہی رو دیتی تھیں
قصہء در کبھی فضہ سے سنایا نہ گیا
غسل کے وقت بہت چیخ کے روئے حیدر
پسلیاں دیکھ لیں، اشکوں کو چھپایا نہ گیا
شب کی تاریکی میں زہرا کا جنازہ اٹھا
اسطرح تو کسی میت کو اٹھایا نہ گیا
اے مسلمانو! سنو زہرا کے قاتل ہیں وہی
جن کو بی بی کے جنازے میں بلایا نہ گیا
قبر زہرا پہ علی دیر تلک روتے رہے
اب جو اٹھے تو قدم ایک بڑھایا نہ گیا
ہائے کیسا ہے ستم ایک صدی سے نوشاد
اک دیا مرقد زہرا پہ جلایا نہ گیا
عابد رضا نوشاد
