NauhaDiary

Sakina Watan Chalo

زندان کھل گیا ہے سکینہؑ، وطن چلو

سجادؑ کہہ کے گر پڑے، چھوٹی سی قبر پر

مظلوم ایسے گر پڑا تربت پہ بہن کی

جیسا حسینؑ تھے گرے اکبرؑ کی لاش پر

دیکھو نہیں رہی میرے ہاتھوں میں اب رسن

جانے لگا ہے قافلہ اب لوٹ کر وطن

لیکن تو بہن شام میں قیدی ہی رہ گئی

کھا کر طمانچے سو گئی زندان کی خاک پر

کرتا ہوں یاد رو کے میں منظر وہ درد کا

کانوں کے زخم پر جو طمانچہ تجھے لگا

بابا کو تو سینے پہ صدا دیتی رہ گئی

بابا سینے پہ روتے تھے تب تجھ کو دیکھ کر

اماں کی طرح تجھ کو نہ مل پائی تھی ردا

بابا کی طرح تجھ کو کفن بھی نہ مل سکا

پتھر بھی کھائے شام میں تو نے مری طرح

ناقے سے گر کے ہو گئی تیری بھی خم کمر

میں لے کے تجھ کو شام سے واپس نہ جا سکا

بابا کو کیا بتاؤں میں اب جا کے کربلا

کرتے میں دفن کر کے بنائی تیری لحد

عابدؑ کو خون رلائے گا یہ درد عمر بھر

اماں کے بین سن کے نکلتی ہے جان میری

کہتی ہے عمر بھر نہ وہ سائے میں جائے گی

کیسے اٹھاؤں اجڑی ہوئی ماں کو تو بتا

تیری لحد سے ماں کی بھی ہٹتی نہیں نظر

وہ رخصتِ حسینؑ پہ زینبؑ کا امتحان

ایسا ہی آج پھر سے ہے زندان کا سماں

سجادؑ ہو رہے ہیں جدا ایسے بہن سے

اٹھتے ہیں رو کے قبر سے، گرتے ہیں قبر پر

لکھوں صحابؔ کس طرح محشر کا مرحلہ

تھا غم کی انتہا پہ بھی عابدؑ کا حوصلہ

زندہ بہن کی قبر سے اٹھ کر چلا گیا

احوالِ غم سنانے کو بابا کی قبر پر

For Anjumans

Do you run an anjuman?

Give it a home on NauhaDiary — publish your own nohay, list your reciters, and announce your majalis.

Create your anjuman →